کون بنے گا مادھوری کا ہیرو، جیکی شروف یا انیل کپور؟

کون بنے گا مادھوری کا ہیرو، جیکی شروف یا انیل کپور؟

رواں ماہ 19 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فلم ساز کرن جوہر کی پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی بولی وڈ فلم ’شدت‘ میں سری دیوی کی جگہ مادھوری ڈکشٹ نے لے لی۔

’شدت‘ میں سری دیوی کی جگہ مادھوری ڈکشٹ کو کاسٹ کیے جانے کے حوالے سے سری دیوی کی بیٹی اور خاندان نے بھی خوشی کا اظہار کیا تھا۔

تاہم اب اس فلم کے مرکزی ہیرو کے حوالے سے جھگڑا سامنے آیا ہے، اطلاعات ہیں کہ فلم کی ٹیم نے سنجے دت کو فلم سے خارج کردیا۔

پہلے اطلاعات تھیں کہ ’شدت‘ میں سنجے دت مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، تاہم خبر آئی ہے کہ فلم میں مرکزی اداکارہ کی تبدیلی کے بعد مرکزی اداکار کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

دکن کیرونیکل کے مطابق اب ’شدت‘ میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ سنجے دت نہیں بلکہ انیل کپور یا جیکی شروف میں سے کوئی ایک رومانس کرتا نظر آئے گا۔ ذرائع کے مطابق فلم کی ٹیم کی پہلی کوشش یہی ہے کہ انیل کپور کو فلم میں کاسٹ کیا جائے، تاہم خبریں ہیں کہ وہ دیگر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف رہنے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوسکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انیل کپور فلم کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو ان کی جگہ جیکی شروف کو کاسٹ کیا جائے گا، جو ماضی میں مادھوری کے ساتھ متعدد فلموں میں نظر آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’شدت‘ سری دیوی کی اہم ترین فلموں میں سے ایک تھی، جس کی جلد ہی شوٹنگ شروع ہونے والی تھی، مگر ان کی اچانک موت ہوگئی۔

اب ’شدت‘ میں سری دیوی کا کردار ماضی کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ ادا کرتی نظر آئیں گی۔

’اطلاعات ہیں کہ شدت‘ مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ ادیتی رائے کپور، عالیہ بھٹ اور ورون دھون بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، تاہم فلم کی کاسٹ کا حتمی اعلان سامنے نہیں آسکا۔

ذرائع کے مطابق فلم کو 1940 کے اسٹائل و انداز کے تحت بنایا جائے گا، جس کے لیے فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا خصوصی طور پر لباس تیار کریں گے۔

اس اہم ترین فلم کو ہدایت کار ساجد نڈیاڈوالا کے پروڈکشن ہاؤس ’فاکس اسٹار‘ کے اشتراک سے بنایا جائے گا، جب کہ اس کے لیے خصوصی سیٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔ فلم کی ہدایات ابھیشک ورمن دیں گے۔

واضح رہے کہ سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ نے کبھی بھی کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا، تاہم 2012 میں دونوں نے ٹی وی اسکرین پر ڈانس ریئلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ کے پانچویں سیزن کے دوران ایک ساتھ رقص کرکے خوب تعریفیں بٹوری تھیں۔

’جھلک دکھلا جا‘ میں مادھوری ڈکشٹ نے جج کے فرائض سر انجام دیے تھے، جس میں سری دیوی اپنی فلم ’انگلش ونگلش‘ کی تشہیر کے لیے شامل ہوئیں تو دونوں نے ایک ساتھ ڈانس کرکے شائقین کو خوش کیا۔