بھارتی نوجوان اداکاری سیکھنے کیلئے ہمارے ڈرامے دیکھتے ہیں، رز کمالی

بھارتی نوجوان اداکاری سیکھنے کیلئے ہمارے ڈرامے دیکھتے ہیں، رز کمالی

 اداکارہ وماڈل رز کمالی نے کہا ہے کہ میرے نزدیک فلم میں کام کرنا بڑی بات نہیں بلکہ ایک اچھی اورمعیاری فلم کرنا بڑی بات ہے۔اداکارہ رزکمالی نے کہا ہر کوئی اپنے انداز سے کردار کو پرفارم کرنے کے لیے محنت کرتا ہے۔ پرچی سسٹم اور سفارش کے بجائے میرٹ پر کام کیا جائے توایک فنکاراطمینان محسوس کرتا ہے۔ مجھے تعداد نہیں بلکہ معیارکوترجیح دینا پسند ہے۔ یہی وجہ کہ اب تک جوکام کیا وہ تعداد میں انتہائی کم ضرور ہے لیکن بہت معیاری ہے اوروہی میری پہچان بنا ہے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ رزکمالی نے کہا کہ دیکھا جائے توہمارا ڈرامہ انڈیا میں بے حد مقبول ہے، وہاں کے انسٹی ٹیوٹ میں ایکٹنگ کے طلبا وطالبات کو ہمارے ڈرامے دکھائے جاتے ہیں۔ اسٹار پلس کی وجہ سے ہمارا ڈرامہ کہیں گم ہوگیا تھا، مگر تین چار سالوں کے دوران ہماری ڈرامہ انڈسٹری نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے جہاں جدت آئی وہیں پر ڈرامہ کا فارمیٹ بھی تبدیل ہوا ہے۔ اس کو ٹی وی ناظرین پسند بھی کر رہے ہیں، مگر اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلم کی کہانی اورموضوعات کومزید بہتربنانے کی ہے۔