کینیڈا، مسجد میں 6 افراد کو ہلاک کرنے والے ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

کینیڈا، مسجد میں 6 افراد کو ہلاک کرنے والے ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

کینیڈا میں ایک مسجد میں فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 29 جنوری کو ملزم الیگزینڈرے بیسونیٹ نے کیوبیک کے سٹی اسلامک کلچرل سینٹر میں فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 6 نمازی جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 28 سالہ ملزم الیگزینڈرے کینیڈا کی ایک یونیورسٹی میں طالب علم تھا، جس نے منگل کے روز عدالت میں پیشی کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ملزم کا کہنا تھا کہ اسے اپنے اقدام پر افسوس ہے۔ملزم نے مزید کہا، 'میں دہشت گرد یا اسلام فوبیا کا شکار نہیں ہوں۔ساتھ ہی اس نے کہا کہ 'مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ بے وقوفانہ حرکت کیوں کی، جس کا مجھے آج بھی یقین نہیں آرہا'۔رپورٹس کے مطابق اعتراف جرم کے بعد ملزم کو عمر قید یا کم سے کم 25 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔