اونٹاریو اسمبلی کے باہر سیکڑوں افراد کا مظاہرہ

اونٹاریو اسمبلی کے باہر سیکڑوں افراد کا مظاہرہ

اونٹاریو میں گھروں کے مالکان کو کرایہ داروں کیساتھ معاملات طے کرنے کیلئے مزید اختیارات تفویض کرنے سے متعلق نئے بل کیخلاف سیکڑوں لوگوںاونٹاریو اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد کو خدشہ ہے کہ مالکان کو زائد اختیارات دیئے جانے سے کورونا وائرس کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد مالکان کیلئے کرایہ داروں کو بے دخل کرنا آسان ہو جائیگا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگاتے ہوئے کوئینز پارک میں مارچ کیا۔ اس سے قبل مظاہرین نے ٹورانٹو کے میئر جان ٹوری کی رہائش گاہ کے باہر بھی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کے دوران ایک شخص نے پلے کارڈ اٹھا رکھا جس پرتحریر تھا کہ نئے قانون کے تحت جان ٹوری کو بھی گھر سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔عمارت کے داخلی دروازے پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ٹورانٹو پولیس سروس کی ترجمان ایلکس لی کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ، کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی آنسو گیس سپرے کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر کئے جانیوالے دعوے صداقت پر مبنی نہیں ہیں۔مظاہرین پولیس آفیسرز کو دھکے دے کر عمارت تک رسائی کی کوشش کر رہے تھے تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔