ڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں کرنی ہوں گی

ڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں کرنی ہوں گی

نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ملتان جلسے میں اگر حکومت گرفتاریاں کرتی ہے تو اسے لاکھ ڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں کرنی پڑیں گی اور ہم گرفتاریوں کیلیے تیار ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ مریم نواز گرفتار ہوں لیکن حکومت کے بلنڈرز کا کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ ہم نے لائحہ عمل بنالیا ہے کہ کس کی گرفتاری پر کیا جواب دینا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان میں اپوزیشن کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو درجنوں کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں یوسی کے سابق چیئرمین بھی شامل ہیں۔