چین کو زمینیں فروخت کرنے کے خلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

چین کو زمینیں فروخت کرنے کے خلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے چین کو پاکستانی زمینیں فروخت کرنے کے حوالے سے قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی زمینیں غیر ملکیوں کو فروخت کر کے عوام کو غلامی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ،یہ اقدام ایٹمی اثاثوں اور ملکی سلامتی دونوں کے لئے خطرہ ہو سکتا ہے اور مستقبل میں بڑی مصیبت کھڑی کر سکتا ہے۔چین کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ وہ ہمارا سارا ملک بھی خرید سکتا ہے لہٰذاپنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسی فروخت کو فی الفور روکا جائے جو ملکی مفاد کے منافی ہو۔اس مقدس ایوان کے اراکین کی یہ بھی متفقہ رائے ہے کہ جائیدادوں کی فروخت کے حوالے متحدہ عرب امارات کے قوانین کی طرز پر پاکستان میں بھی ایسے قوانین بنائے جائیں جس میں پاکستانی رہائشی کی ملکیت ظاہر ہونا ضروری ہو تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔