شہباز شریف سے چوہدری نثار کی ملاقات

شہباز شریف سے چوہدری نثار کی ملاقات

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے مسلم لیگ(ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس کے دوران پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق چوہدری نثار  اور وزیراعلی پنجاب کے درمیان ماڈل ٹاؤن لاہور  میں  ہونے والی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی جس کے دوران ملکی حالیہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران چوہدری نثار نے انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے چوہدری نثارعلی خان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا آپ پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں  جماعت کے ساتھ چلتے رہیں  حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہو جائیں  گے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی نہیں کرنی چاہیے،اختلافی امور پا بات چیت کا پلیٹ فارم پارٹی کے اندر ہی ہے ۔یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی قیادت سے ناراض تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اہم مشاورتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرنا چھوڑ دیا تھا۔پارٹی رہنماؤں اور قائد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد چند روز قبل چوہدری نثار نے اپنے ردعمل کا بھی اظہار کیا تھا۔