سندھ میں رات 8 سے صبح 8 تک لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا، وزیر اطلاعات

سندھ میں رات 8 سے صبح 8 تک لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا، وزیر اطلاعات

سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے رات 8 بجے سے صبح 8 بجے تک لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی ہدایت کی ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ رات 8 بجے صبح 8 بجے تک سبزی کی دکانیں اور دیگر تمام اشیا کی دکانیں بھی بند رہیں گی تاہم ہسپتال اور میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے بینکنگ کے شعبے کو صرف ضروری شاخیں کھولنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے 23 مارچ کو صوبے بھر میں 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور فوج بھی طلب کرلی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بڑھتے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر عوام کو گھروں تک محدود کرنے کے لیے رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے صوبے میں 15دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کیا جائے اور اس دوران کسی کو غیر ضروری گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 13 نئے کیسز آگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 407 ہوگئی۔