پیسے کے کھیل میں پلیئرز دھوکا دیتے رہیں گے :جان ہولڈر

پیسے کے کھیل میں پلیئرز دھوکا دیتے رہیں گے :جان ہولڈر

بال ٹیمپرنگ میں ملوث کینگرو کرکٹرز کی سزاؤں پر مختلف قسم کا ردعمل سامنے آیا ہے لیکن سابق انگلش امپائر جان ہولڈر کا کہنا ہے کہ پیسے کے کھیل میں کھلاڑی دھوکا دیتے رہیں گے۔ انہوں نے آسٹریلین کرکٹرز پر پابندی کا عرصہ نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑی پیسہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ کینگرو کرکٹرز نے میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی البتہ یہ بہت بڑا تضاد ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو آئی سی سی نے سخت ترین سزا دی جبکہ اس بار ایسا نہیں ہوا اور گورننگ باڈی کو اس بارے میں غور کرتے ہوئے سزاؤں میں اضافہ کرنا ہی ہوگا۔ جان ہولڈر کا موقف ہے کہ کھلاڑیوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ اگر وہ کسی میچ کے دوران اس طرح کی حرکت کرتے ہیں تو کرکٹ میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کے مطابق بال ٹیمپرنگ کا حالیہ واقعہ علیحدہ اہمیت کا حامل ہے البتہ اس حوالے سے دیگر الزامات سامنے آئے تو انہیں بعد میں دیکھا جائے گا اور کسی کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے ایمانی کا اعتراف بہادری کے مترادف ہے لیکن اس میں دروغ گوئی کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور یہی چیز انہوں نے قابل غور سمجھتے ہوئے آسٹریلین کھلاڑیوں کیخلاف ایکشن لیا۔ واضح رہے کہ سٹیون اسمتھ،ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو حق حاصل ہوگا کہ وہ اپنی معطلی کیخلاف اپیل کر سکیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق تینوں کرکٹرز کو بیرون ملک کھیل کی سرگرمیوں سے نہیں روکا جائے گا جس کیلئے وہ آزاد ہوں گے۔