میامی اوپن سے دو بڑی سیڈڈ کھلاڑیوں کا حیران کن اخراج

میامی اوپن سے دو بڑی سیڈڈ کھلاڑیوں کا حیران کن اخراج

امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں گزشتہ روز دو بڑی سیڈڈ کھلاڑیوں ایلینا سویٹولینا اور کیرولینا پلسکووا ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں تاہم یلینا اوسٹاپینکو اور وکٹوریا ازارینکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کی بسکین میں جاری ویمنز سنگل کوارٹر فائنل مرحلے میں بیلاروس کی وکٹوریا ازارینکا نے نمبر پانچ سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو سات،پانچ اور چھ،تین سے مات دے کر گھر واپسی کا ٹکٹ تھما دیا جبکہ نمبر چھ سیڈ لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو کیلئے نمبر چار سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا مزاحمت کے باوجود سخت حریف ثابت نہیں ہو سکیں جن کو چھ،سات کے یکساں اسکور سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل پری کوارٹر فائنل مرحلے میں نمبر پانچ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے نمبر بائیس سیڈ سربیا کے فلپ کرائینووچ کو چھ،چار اور چھ،دو سے مات دی،نمبر چار سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو نے نمبر سترہ سیڈ آسٹریلیا کے نک کیرگیوس کو چھ،چار کے یکساں اسکور سے ٹھکانے لگادیا،نمبر چھ سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے امریکا کے فرانسس ٹیافو کو سات،چھ اور چھ،چار سے چلتا کیا،نمبر انتیس سیڈ کروشیا کے بورنا کورچ نے کینیڈین حریف ڈینس شاپووالوف کو سات،چھ،چار،چھ اور چھ،چار سے رخصتی کا پروانہ تھما دیا جبکہ نمبر سولہ سیڈ اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا نے نمبر اکتیس سیڈ ہم وطن حریف فرنینڈو ورڈاسکو کیخلاف چھ،صفر اور چھ،تین کی آسان کامیابی کی بدولت کوارٹر فائنل میں رسائی ممکن بنالی۔