محمد حفیظ کو اپنے بالنگ ایکشن کے باضابطہ ٹیسٹ کا انتظار

محمد حفیظ کو اپنے بالنگ ایکشن کے باضابطہ ٹیسٹ کا انتظار

قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کو اپنے بالنگ ایکشن کے باضابطہ ٹیسٹ کا انتظار ہے لیکن آف اسپنر کی جانب سے دو ماہ قبل اس بابت مطلع کرنے پر بھی پی سی بی ٹیسٹ کا انتظام کرانے سے قاصر رہا ہے۔ واضح رہے کہ محمد حفیظ کو بالنگ سے محرومی کے سبب مختصر فارمیٹس کی قومی ٹیموں کیلئے بھی قابل غور نہیں سمجھا جا رہا کیونکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ محمد حفیظ بالنگ سمیت ایک اچھا آپشن ہیں لیکن بالنگ کے بغیر ان کا کوئی فائدہ نہیں۔ ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے دو ماہ قبل پی سی بی کو مطلع کیا تھا کہ وہ ایک بار پھر بالنگ ایکشن ٹیسٹ کیلئے دستیاب ہیں جس کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں لیکن پی سی بی کی جانب سے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ہے۔ قومی ٹیم میں واپسی کی خاطر آف اسپن بالر اپنے ایکشن کی فوری جانچ کرانا چاہتے ہیں لیکن پی سی بی حکام آئی سی سی سے ابھی تک تاریخ ہی نہیں لے سکے تاکہ ان کا منظور شدہ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پاکستان سپر لیگ پر زیادہ توجہ رہی لہٰذا محمد حفیظ کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوا اور اب امکان ہے کہ انہیں آئندہ دنوں ٹیسٹ کیلئے بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ آف اسپنر کا بالنگ ایکشن گزشتہ برس اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف تیسرے ون ڈے میں مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد محمد حفیظ نے ٹیسٹ بھی دیا لیکن اسے کلیئر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور بالنگ سے بدستور محروم ہیں۔