پاکستان 11سال بعد ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کی میزبانی کیلئے تیار

پاکستان 11سال بعد ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کی میزبانی کیلئے تیار

اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کچھ دیر بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم کو سیریز میں عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔

ٹی20 کرکٹ میں گزشتہ سال مسلسل ناکامیوں کے سبب پاکستانی ٹیم اب عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کی فکر میں ہے اور سیریز میں کلین سوئپ نہ کرنے کی صورت میں قومی ٹیم پہلی پوزیشن گنوا بیٹھے گی۔ 

سیریز میں 1-2 سے فتح کی صورت میں بھی آسٹریلیا کی ٹیم عالمی نمبر ایک بن جائے گی لہٰذا پاکستان کو ہر حال میں سیریز میں کلین سوئپ کرنا ہو گا۔

قومی ٹیم کے کپتان بھی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی اہمیت سے واقف ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دے گی 

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے مارو یا مرو والی صورتحال ہے اور ہم نے اسی کی مناسبت سے تیاری کی ہے، ہم نے کھلاڑیوں سے بات کی ہے کہ عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے انہیں 110 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

پاکستان نے سری لنکا اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کے بعد مڈل آرڈر میں بیٹنگ لائن کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کو اسکواڈ میں واپس طلب کیا ہے۔