کورونا متاثرہ دلہن کی شادی کی انوکھی رسمیں

کورونا متاثرہ دلہن کی شادی کی انوکھی رسمیں

بھارتی ریاست راجھستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی شکار ہونے والی دُلہن کی شادی کی رسومات پی پی ای لباس میں کورونا سینٹر میں ہی ادا کردی گئیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران بھی دنیا بھر میں شادیاں انجام پائیں، کورونا وائرس سے نو بیاہتا جوڑے اور مہمانوں کو بچانے کے لیے ان شادیوں کی رسومات عام حالات سے تھوڑا ہٹ کر تھیں مگر بھارت میں ایک انوکھی شادی ہوئی ہے جس میں دُلہن کا شادی والے دن کوروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر کورونا سینٹر ہی میں حکومتی ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے شادی کی تمام رسومات ادا کی گئیں۔

بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق راجھستان سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی جس دن شادی طے پائی تھی اُسی دن دلہن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا، شادی کی تاریخ آگے بڑھانے کے بجائے دولہا اور کورونا وبا کی شکار دلہن نے کورونا سینٹر ہی میں شادی رچائی۔

بھارتی میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  کورونا وائرس کی شکار دلہن نے عروسی لباس پہننے کے بجائے پرسنل پروٹیکٹو ایکویپمنٹ (پی پی ای) لباس پہنا ہوا ہے۔

ویڈیو میں دولہے اور شادی کی روسومات ادا کرنے کے لیے منڈپ میں موجود پنڈتوں نے بھی پی پی ای لباس پہنے ہوئے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی تمام تر رسومات پی پی ای  لباس میں ہی ادا کی جا رہی جبکہ نو بیاہتا جوڑے نے حفاظتی لباس کے اوپر سے ہار پہنے ہوئے ہیں اور دولہے نے کُلا بھی  پہنا ہوا ہے۔