اونٹاریو میں آج 300 سے زیادہ نئے کووڈ-19 کیسز کی اطلاع ہے۔ صوبے میں روزانہ اوسط کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اونٹاریو کے محکمہ صحت کے عہدےداروں نے آج 325 نئے کووڈ-19 انفیکشن کی تصدیق کی، اتوار کو 423 اور ہفتہ کو 378 کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن یہ پچھلے پیر کے رجسٹر ہونے والے مریضوں کی تعداد یعنی 168 سے نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔ نئے انفیکشن کی سات دن کی بڑھتی ہوئی اوسط تعداد اب ایک ہفتے قبل 196 سے بڑھ کر 283 ہوگئی ہے۔ آج تصدیق شدہ نئے کیسز میں سے 90 ٹورنٹو ، 47 پیل ریجن ، 29 یارک ریجن، 29 ہیملٹن اور 26 ونڈسر ایسیکس میں ہیں۔ آج کسی مریض کے انتقال کی اطلاع نہیں ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 15،805 ٹیسٹ کیے گئے ، اونٹاریو میں مثبت شرح کم از کم 2.3 فیصد کی رپورٹ کر رہا ہے ، یہ تعداد جون کے آخر سے اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ پچھلے ہفتے اونٹاریو 1.3 فیصد کی مثبت شرح کی اطلاع دے رہا تھا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اونٹاریو میں انتہائی نگہداشت کے مریضوں کی تعداد میں معمولی کمی آئی ہے۔ آئی سی یو میں فی الحال 113 کوویڈ 19 کے مریض ہیں ، جو اتوار کی تعداد یعنی 115 سے کم تھے لیکن پچھلے ہفتے کی تعداد 108 سے زیادہ تھے۔ صوبے میں کیسز کی تعداد میں اضافہ اس وقت ہوا جب وفاقی حکومت نے آج مکمل طور پر ویکسینیٹڈ امریکی شہریوں کے لیے سرحد کھول دی تھی۔ متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر زین چھاگلہ نےایک ٹی وی نیوز چینل کو بتایا کہ ویکسین شدہ امریکی مسافروں کے لیے سرحد دوبارہ کھولنا خطرے کی کم سطح ہے۔ انھوں نے کہا کہ کینیڈا میں اترنے والے تقریباً دو سے تین فی صد لوگ ہوائی اڈے کی اسکریننگ اسٹڈیز کے مطابق کووڈ-19کے مریض ہوتے ہیں۔ چھاگلا نے کہا “یہاں ہمارا بڑا مسئلہ خاص طور پر نان ویکسینیٹڈ افراد میں پھیلا ہوا کورونا ہے جس پر ہمیں واقعی قابو پانے کی ضرورت ہے۔” صوبے میں آج تک کووڈ-19 ویکسین کی 19،902،159 خوراکیں دی گئی ہیں ، بشمول اتوار کو 29،949 خوراکیں۔ صوبے میں 12 اور اس سے زیادہ عمر کے 82 فی صد لوگوں کو ایک خوراک ملی ہے اور 72 فی صد سے زائد افراد کی مکمل طور پر ویکسینیشن ہوچکی ہے۔

” اونٹاریو: 325 نئے کووڈ-19 کیس رپورٹ ہوئے ہیں“۔
