البرٹا حکومت مقامی رہنماؤں ، معالجین اور لوگوں کے ہفتوں کے دباؤ کے بعد کووڈ-19 سے متاثرہ لوگوں کے لیے تنہائی کی ضروریات کو ختم کرنے کے اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ صوبہ کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دینا ہنشا نے کہا کہ حکومت عوامی نقل و حمل کے لیے ماسک کی پابندی میں بھی توسیع کرے گی اور کیسز میں اضافے کے باعث ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ جاری رکھے گی۔ پبلک ہیلتھ کی تمام پابندیاں پیر کو ختم ہونے والی تھیں لیکن اب وہ مزید چھ ہفتوں تک برقرار رہیں گی۔ “ہم پیچھے نہیں جا رہے بلکہ مزید ایک قدم آگے بڑھنے سے پہلے صورت حال کو جانچنے اور جائزہ لینے کے لیے ٹھہر رہے ہیں۔ “اگر مانیٹرنگ ہماری اصل توقعات کی تصدیق کرتی ہے کہ کیسز میں اضافے کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوگا اور ہمیں بچوں کے لیے کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے شواہد نظر نہیں آتے تو ہم 27 ستمبر کے بعد تبدیلیوں کے اگلے مرحلے پر عمل درآمد کریں گے۔ ” ہن شا نے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہونے میں غیر متوقع اضافہ اور انتہائی متعدی ڈیلٹا ویرینٹ سے منسلک پیڈیاٹرک کیسز پر امریکہ سے آنے والا ڈیٹا رکنے کی وجوہات ہیں۔ اندرونی ماڈل کی بنیاد پر ، ہنشا نے کہا کہ انھیں اسپتال میں 90 کورونا مریضوں کی توقع تھی جبکہ اس وقت اسپتال میں 143 مریض داخل ہیں یعنی 62 فیصد کا اضافہ۔ ہنشا نے کہا کہ صحت عامہ کی تمام پابندیوں کو ہٹانے کا ابتدائی منصوبہ جزوی طور پر برطانیہ سے ڈیلٹا ویریٸنٹ کے شواہد پر مبنی تھا ، لیکن امریکہ سے موصول ہونے والی اطلاعات مختلف نتائج ظاہر کررہی ہیں۔ “امریکہ میں ، بدقسمتی سے ، بچوں میں ڈیلٹا ویریٸنٹ کے باعث اسپتالوں میں داخل ہونے کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہے ، خاص طور پر ان ریاستوں میں جہاں مجموعی طور پر ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔ البرٹا میں بالغوں میں ویکسینیشن کی شرح برطانیہ اور خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی امریکی ریاستوں کے درمیان آتی ہے۔ صوبے میں بہت سے لوگوں نے ستمبر میں کلاس رومز میں واپس آنے والے بچوں کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے ، خاص طور پر 12 سال سے کم عمر کے بچے جو ابھی تک کووڈ-19 ویکسین کے اہل نہیں ہیں۔
“آج تک ، ہم نے البرٹا میں نوجوانوں میں اس طرح کے شدید کیسز میں اضافہ نہیں دیکھا ہے۔ یکم جولائی سے ، ہمارے پاس 18 سال سے کم عمر مریضوں کے اسپتال میں صرف سات کیسز ہیں۔ ناقدین نے البرٹا کے بچوں کی انتہائی نگہداشت کے بستروں کی محدود تعداد اور نوجوان البرٹینز کے لیے سنگین بیماریوں جیسے ملٹی سسٹم سوزش سنڈروم ، شدید کووڈ-19، نمونیا اور کووڈ-19 کے اثرات مابعد کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ البرٹا میں اس وقت کینیڈا میں سب سے زیادہ فعال کووڈ-19 کیسز ہیں۔

”البرٹا میں کیسز میں اضافے کے باعث کووڈ-19 کی پابندیاں مزید چھ ہفتوں تک برقرار۔“
