کابل: حامد کرزئی ائیرپورٹ پر بھگدڑ کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد جمع ہیں جو ملک چھوڑکر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے جہاں افرا تفری کا عالم ہے، ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ جلد از جلد طیارے میں سوار ہوکر بیرون ملک چلاجائے۔
ملک چھوڑنے کی کوشش کے دوران کچھ افراد نے طیارے کے پہیوں سے چمٹ کر جانے کی کوشش کی تاہم جہاز کے اڑنے کے بعد وہ زمین پر آگرے جب کہ بھگڈر کے نتیجے میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے تاہم برطانوی میڈیا نے ایک بار پھر بھگڈر میں 7 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
برطانوی وزارت دفاع نے بھی کابل ائیرپورٹ پر افراتفری اور بھگڈر کے نتیجے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان 7 افغان خاندانوں کے لیے ہیں جنہوں نے بھگڈر کے دوران اپنے پیاروں کو کھودیا، دوسری جانب ائیرپورٹ پر صورتحال انتہائی خراب ہے تاہم سیکیورٹی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پوری کوششیں کی جارہی ہیں۔