اوٹاوا – کینیڈین عہدے داروں کا کہنا ہے کہ فوج کی اسپیشل فورسز افغانستان سے لوگوں کو کینیڈا یا کسی اور محفوظ جگہ پہنچانے کے لیۓ کام کررہی ہیں۔ حکام نے سیکیورٹی کی صورتحال کی حساسیت کا حوالہ دیتے ہوئے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم انھوں نے کہا کہ وہ مزید افغانیوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کینیڈین سی 17 گلوب ماسٹر اتوار کی رات 436 افراد کو کابل ہوائی اڈے سے بحفاظت نکال لے گیا ، جن میں کینیڈا کے شہری اور ان خاندان کے افراد شامل تھے ، اسی طرح کینیڈا اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے آبادکاری کے لیے قبول کیے گئے افغان شہری بھی تھے۔ یہ انکشاف پیر کے روز صحافیوں کے لیے ایک بریفنگ کے دوران کیا گیا، اس شرط پر کہ اس طرح کے پس منظر کی بریفنگ کے معاہدوں کے مطابق عہدے داروں کا نام نہ ظاہر کیا جائے۔ وہ افغان جو پہلے مغربی افواج اور نیوز ایجنسیوں کے ترجمان کے طور پر کام کرتے تھے ، افغانستان میں طالبان کے پرتشدد انتقام سے بچنے کے لیۓ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کی خاطر روپوش ہیں۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو کہا کہ وہ جی 7 اجلاس میں حصہ لیں گے جو بحران سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کرے گا۔

” کینیڈین اسپیشل فورسز افغانستان سے لوگوں کے انخلا کے لیۓ کام کررہی ہیں، حکام۔ “
