کیلفورنیا: فیس بک نے اپنی ٹرانسپرینسی رپورٹ میں کورونا ویکسین کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے والی رواں سال کی سب سے مقبول ترین پوسٹ کی تفصیلات شائع کی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق فیس بک نے اپنی سہہ ماہی ٹرانسپرینسی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کورونا کے حوالے سے فیس بک پر شکاگو ٹریبیون میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ ’ایک صحت مند ڈاکٹر جو کورونا ویکسین لگوانے کے دو ہفتوں بعد انتقال کرگیا، سی ڈی سی اس کی تحقیقات کر رہی ہے، کو 5 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اتوار کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2021 سے 31 مارچ 2021 تک کے عرصے میں شکاگو ٹریبیون میں شائع ہونے والا یہ مضمون سر فہرست رہا۔ فیس بک پر شکاگو ٹریبیون کے اس لنک کو5 کروڑ 38 لاکھ 15 ہزار 255 مرتبہ دیکھا گیا۔
اس رپورٹ میں فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ ان متعدد رپورٹس میں سے ایک ہے جنہیں شائع کیا گیا ہے’ اور اس کا مقصد اپنے پلیٹ فارم پر لوگوں کے تجربات کو شفاف رکھنا ہے۔‘