واشنگٹن: افغان طالبان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دیے گئے وقت پر کابل ائیر پورٹ خالی نہیں کیا تو اس کے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔
بی بی سی کے ہلدا حکیم سے گفتگو میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ 31 اگست افغانستان میں امریکی افواج کی موجودگی کی سرخ لائن ہے اور اس میں کسی قسم کی توسیع قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے دوحا معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی افواج کے لیے افغانستان چھوڑنے کی تاریخ میں اضافہ نہیں ہوگا، اگر امریکا نے مقررہ وقت پر کابل سے انخلا نہیں کیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
طالبان سے انخلا میں توسیع کے لیے کچھ نہیں کہا، پینٹاگون
دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان جون کربے کا اس بارے میں کہنا ہے کہ طالبان سے انخلا میں توسیع کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی افواج 31 اگست تک کابل سے اپنا انخلا مکمل کرلیں گی لیکن برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اس حق میں نہیں۔ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ جی 7 ورچوئل اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے درخواست کریں گے۔