اس موسم گرما کے شروع میں واضح طور پر پرزور موقف اپنانے کے بعد کہ اونٹاریو کسی قسم کے پروف آف ویکسینیشن سسٹم کی پیروی نہیں کرے گا ، ایسا لگتا ہے کہ فورڈ حکومت نے اپنا موقف بدل لیا ہے۔ فورڈ حکومت سے توقع ہے کہ اگلے ہفتے اونٹاریو میں ویکسین سرٹیفکیٹ سسٹم کا افتتاح ہوگا کیوں کہ کووڈ-19 کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور جیسے جیسے اس موضوع پر رائے عامہ بدلتی جارہی ہے حکومت پر بھی اس حوالے سے دباٶ بڑھ رہا ہے، ایک ٹی وی نیوز چینل نے جمعہ کو بتایا۔ ذراٸع کے مطابق سرٹیفکیٹ “غیر ضروری ترتیبات جیسے ریستوران اور مووی تھیٹر وغیرہ جیسی عوامی اجتماعات کی جگہوں پہ درکار ہوگا۔” یہ بات ابھی واضح نہیں کہ ویکسینیشن کے ثبوت کے لیے درکار پیرامیٹرز کیا ہوں گے اور یہ کہ سرٹیفکیٹ کس طرح کا ہوگا۔ تاہم ذراٸع نے یہ ضرور کہا کہ “یہ ممکنہ طور پر اس سے ملتا جلتا ہوگا جو ہمارے پاس پہلے سے موجود ہے۔” ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے پریمیئر ڈگ فورڈ اگلے ہفتے کابینہ کا اجلاس کریں گے۔ متعدد اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے، بلدیاتی اداروں سے لے کر کاروباری اداروں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور اساتذہ تک کا مطالبہ بڑھتا جارہا تھا کہ کسی قسم کا ویکسین پاسپورٹ بنایا جا سکے جس سے اتھارٹیز کو علم ہو سکے کہ ویکسینین ہوچکی ہے۔ اس طرح کا نظام پہلے ہی متعدد جگہوں میں نافذ ہوچکا ہے ، بشمول نیو یارک سٹی اور کیوبک اور یہ نظریہ ویکسینیشن کی زیادہ شرح والے مقامات پر مقبول ہے۔ اس موسم گرما کے شروع میں اس بارے میں پوچھے جانے پر ، فورڈ نے کہا کہ اونٹاریو ایسا نہیں کرے گا کیونکہ یہ ایک منقسم معاشرہ بنائے گا۔ تاہم ، عوام کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی بھرپور حمایت کے ساتھ اور اس خوف کے ساتھ کہ انتہائی متعدی ڈیلٹا ویرٸنٹ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مزید زیادہ بڑھا سکتی ہے ، حکومت اس خیال پر نظر ثانی کرتی نظر آتی ہے۔ جمعہ تک ، اونٹاریو کے 75.6 فی صد باشندوں کو جن کی عمر 12 سال اور اس سے زیادہ ہے مکمل ویکسینیشن مل چکی ہے ، جب کہ 82.6 فی صد افراد کو کم از کم ایک ویکسین کی خوراک ملی ہے۔ لبرل لیڈر جسٹن ٹروڈو نے فورڈ پر زور دیا تھا کہ وہ اس سلسلے میں قدم بڑھائیں اور صوبہ بھر میں ویکسین پاسپورٹ نافذ کریں۔ ٹروڈو نے وعدہ کیا کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو ان کی حکومت صوبائی ویکسین پاسپورٹ بنانے کے لیے مالی امداد دے گی۔ وفاقی حکومت سفر کے مقاصد کے لیے ایک ویکسین پاسپورٹ تیار کر رہی ہے ، لیکن توقع نہیں کہ یہ موسم خزاں سے پہلے تیار ہو جائے گا اور یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس نظام کو مقامی طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

”بریکنگ: فورڈ حکومت اگلے ہفتے ویکسین سرٹیفکیٹ سسٹم کا اجرا۶ کرے گی“۔
