فلوریڈا: افغان اور عراق جنگ میں حصہ لینے والے امریکی بحریہ کے سابق ماہر نشانہ باز (اسناپر) نے اپنے پڑوس کے دو گھروں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لیک لینڈ میں مسلح ملزم نے اپنے ہمسائے کے گھر میں گھس کر 40 سالہ شخص، ان کی 33 سالہ بیوی اور 3 ماہ کے بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کردیا جس کے بعد ملزم دوسرے گھر میں گھسا اور بچے کی 62 سالہ دادی کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پوک کاؤنٹی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے ایک 11 سالہ لڑکی زخمی بھی ہوئی ہے۔ مسلح شخص کو مقابلے بعد زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے اسپتال میں بھی پولیس کے ساتھ مزاحمت کی
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 33 سالہ بریان رائلی کے نام سے ہوئی ہے جو امریکی بحریہ کا ماہر نشانہ باز (شارپ شوٹر) ہے۔ ملزم عراق اور افغان جنگ میں خدمات انجام دے چکا ہے۔ قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم ہریان رائلی بظاہر ذہنی صحت کے مسائل کا شکار نظر آتے ہیں۔
دوسری جانب ہریان رائلی کی دوست نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ ملزم ‘پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر’ کا شکار ہے اور وہ ایک ہفتے قبل اس نے خدا سے باتیں شروع کرنے سے متعلق بھی بتایا تھا۔