اونٹاریو میں آج کووڈ-19 کیسز کی تعداد 800 سے کم ہے۔ سات روز کی اوسط میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ صوبائی صحت کے عہدے داروں نے آج 784 نئے کیسز کا اندراج کیا ، یہ تعداد ہفتے کے روز 857 اور ایک ہفتے قبل 811 تھے۔ اونٹاریو کی وزیر صحت کرسٹین ایلیٹ نے اتوار کو کہا کہ 602 کیسز ، یا 77 فی صد ایسے افراد میں ہیں جنھیں مکمل طور پر ویکسین نہیں دی گئی ہے یا ویکسینیشن کی نامعلوم حیثیت ہے اور 182 ، یا 23 فی صد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ لوگوں میں ہیں۔ صوبے کا کہنا ہے کہ اونٹاریو میں 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 78 فی صد لوگوں کو کووڈ-19 ویکسین کی دو خوراکیں اور 84 فی صد کو کم از کم ایک خوراک ملی ہے۔ صوباٸ حکام کا کہنا ہے کہ آج کے 140 کیسز 12 سال سے کم عمر کے بچوں میں ہیں جو ابھی تک ویکسین کے اہل نہیں ہیں۔ پچھلے ہفتے اونٹاریو میں کیسز کی تعداد میں کمی کے نتیجے میں ہر روز رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی اوسط تعداد میں کمی آئی ہے۔ صوبے میں نئے انفیکشن کی سات دن کی اوسط تعداد 712 ہے جو ہفتہ کو 716 اور پچھلے اتوار کو 757 تھی۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 23،625 ٹیسٹوں پر عملدرآمد کے ساتھ ، حکام صوبہ بھر میں کورونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 3.2 فی صد کی رپورٹ کر رہے ہیں ، جو ایک ہفتے قبل 2.9 فی صد تھی۔ اونٹاریو کا فعال کیس لوڈ اب 6،249 ہے ، جو گزشتہ اتوار کو 6،536 سے کم ہے۔ آج تصدیق شدہ نئے کیسز میں سے 147 ٹورنٹو میں ، 73 ونڈسر میں ، 67 پیل ریجن میں ، 65 یارک ریجن میں ، 57 ہیملٹن میں اور 57 اوٹاوا میں ہیں۔ اونٹاریو میں آج وائرس کے سبب ہونے والی چھ اموات کی اطلاع ملی۔ صوبے میں انتہائی نگہداشت میں کووڈ-19 مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ وزارت صحت کے مطابق ، اونٹاریو کے آئی سی یو میں 184 مریض کووڈ-19 سے متاثر ہیں ، جو ایک ہفتے قبل 179 تھے۔

بریکنگ: اونٹاریو میں 784 نئے کووڈ-19 کیسز، 6 اموات۔
