جمعرات کی صبح ٹورنٹو کے کیبیج ٹاؤن محلے میں سیمنٹ سے لدے ہوۓ ٹرک سے ٹکرانے کے بعد ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ یہ حادثہ صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا۔ ڈنڈاس اور شیربورن اسٹریٹ پر پیدل چلنے والی ایک خاتون کو سیمنٹ سے لدے ہوۓ ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون کو، جس کی عمر 60 سال ہے، جائے وقوعہ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔ پیرا میڈیکس کے مطابق ڈرائیور کو معمولی زخموں کے ساتھ ہسپتال لے جایا گیا۔ علاقے کے رہائشیوں نے ایک ٹی وی نیوز چینل کو بتایا کہ متوفیہ وہیل چیئر استعمال کرتی تھی اور اسے اکثر پڑوس میں لوگوں سے بھیک مانگتے ہوۓ دیکھا گیا تھا۔ سارہ اوون اس علاقے میں کام کرتی ہیں انھوں نے ایک ٹی وی نیوز چینل سے بات کرتے ہوۓ کہا کہ شہر کے مصروف چوراہے پر اس قسم کے حادثات کو کم کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ “یہ واقعی ایک مشکل بات ہے لیکن ہم اس پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔” ٹریفک سروسز نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ٹورنٹو: ٹرک کی زد میں آکر خاتون راہگیر ہلاک۔
