اونٹاریو میں 700 کے قریب نئے کووڈ-19 کیسز اور تین مزید اموات کی اطلاع ہے، جس سے صوبے کی وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد آج 10,000 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبائی صحت کے حکام نے منگل کو 687 نئے انفیکشن درج کیے، جو پیر کے روز کی تعداد 788 سے کم تھے لیکن ایک ہفتہ قبل 613 سے زیادہ تھے۔ صوبے میں کووڈ-19 کی وسیع پیمانے پر ویکسینیشن کی بدولت پچھلے چھ مہینوں میں اموات کی تعداد میں ڈرامائی کمی کے باوجود، اونٹاریو نے منگل کو ایک سنگین سنگ میل عبور کیا۔ مارچ 2020 سے اب تک کل 10,000 تصدیق شدہ کووڈ-19 اموات ہوچکی ہیں۔ 70 سالہ ایک شخص جو برطانیہ کا سفر کرنے کے بعد وطن واپس آیا تھا، مارچ 2020 میں صوبے میں واٸرس سے ہلاک ہونے والا پہلا شخص تھا۔ ہفتوں بعد، صوبے نے تخمینہ جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ دو سال کے عرصے میں، اونٹاریو میں ناول کورونا وائرس کی وجہ سے 3,000 اور 15,000 کے درمیان اموات کا امکان ہے۔ اونٹاریو میں وبائی مرض کی چوتھی لہر کے دوران پہلے کی لہروں کے مقابلے میں ویکسینیشن کی اعلی شرحوں کی بدولت نمایاں طور پر کم اموات دیکھنے میں آئی ہیں۔ پچھلے مہینے کے دوران، اونٹاریو نے صرف 126 اضافی وائرس سے متعلق اموات کی اطلاع دی ہے، جبکہ نومبر 2020 میں 511 اموات ہوئیں۔ 1 جولائی سے، جب عملی طور پر تمام بالغوں کو کووڈ-19 ویکسین کی دوسری خوراک حاصل کرنے کے لیے گرین لائٹ دی گئی تھی، صوبے میں مجموعی طور پر 813 اموات کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ اوسطاً روزانہ تقریباً 5 نئی اموات کے برابر ہے۔ اس سال یکم جنوری سے یکم فروری کے درمیان دوسری لہر کے عروج پر، 1,643 اموات کی تصدیق ہوئی، جو پچھلے پانچ مہینوں میں رپورٹ ہونے والی تعداد سے تقریباً دوگنی ہے۔ اگرچہ اس مہینے میں کیسز میں اضافے کے نتیجے میں وائرس سے ہونے والی اموات میں اضافہ نہیں ہوا ہے، لیکن انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں مریضوں کی تعداد پچھلے ہفتے سے بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ صوبے کا کہنا ہے کہ اس وقت آئی سی یو میں 153 کووڈ-19 مریض ہیں، جو ایک ہفتہ قبل 134 تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21,476 ٹیسٹوں پر عملدرآمد کے ساتھ، حکام صوبے بھر میں مثبت شرح تین فیصد بتا رہے ہیں، جو پچھلے ہفتے 3.1 فیصد کے برابر ہے۔ نئے کیسز کی سات دن کی تعداد آج 794 تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ منگل کو 675 تھی۔ آج سب سے زیادہ نئے کیسز والے پبلک ہیلتھ یونٹس میں ٹورنٹو (94)، ونڈسر (71)، پیل ریجن (60)، سمکوئی-مسکوکا (57)، ہالٹن ریجن (47) اور الگوما (35) شامل ہیں۔ آج تصدیق شدہ نئے کیسز میں سے، 310 ایسے ہیں جو ویکسینیٹڈ نہیں تھے۔ 19 افراد وہ ہیں جو جزوی طور پر ویکسینیٹڈ ہیں، 308 ایسے ہیں جو مکمل طور پر حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں، اور 50 ایسے ہیں جن کی ویکسینیشن کی حیثیت نامعلوم ہے۔ اونٹاریو کا فعال، تصدیق شدہ کیس لوڈ اب 6,940 ہے، جو پچھلے ہفتے 5,487 تھا۔

اونٹاریو: کووِڈ-19 سے ہلاک شدگان کی تعداد 10 ہزار، آج 3 مزید اموات۔
