ٹورنٹو پبلک ہیلتھ اسکاربورو میں نئے اومی کرون ویرینٹ کے اپنے پہلے اسکول کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کچھ تفصیلات جاری کی گئی ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کی نشاندہی پریشئس بلڈ کیتھولک اسکول میں ہوئی، جو لارنس اور فارمیسی ایوینیو کے قریب واقع ہے۔ یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ معاملہ طالب علم یا عملے کے کسی رکن کا ہے۔ حکام نے بتایا کہ فرد کے قریبی رابطوں کی نشاندہی کی گئی ہے، اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو الگ تھلگ کریں، علامات کی جانچ کریں اور کووڈ-19 پی سی آر ٹیسٹ کروائیں۔ ٹورنٹو پبلک ہیلتھ نے ایک ٹویٹ میں کہا، “اس نئے ویرینٹ کے ابھرنے اور ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاٶ کو دیکھتے ہوئے، اگر آپ نے پہلے سے ویکسینیشن نہیں کروائی ہے تو اب ضرور کرلیں کیوں کہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ ہم شہریوں اور اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے ایک دوسرے کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔” پریشیٸس بلڈ کیتھولک اسکول کو نومبر کے اوائل میں 13 کووڈ-19 کیسز کی نشاندہی کے بعد ذاتی طور پر سیکھنے کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اس وقت ٹورنٹو کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ ( ٹی سی ڈی ایس بی) کے مطابق، متاثرین میں11 طلباء اور 2 عملے کے ارکان میں شامل تھے۔ گھر لے جانے والے پی سی آر ٹیسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے نصف سے کم کی شناخت کی گئی۔ ٹی سی ڈی ایس بی ویب سائٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 3 دسمبر تک ایک فعال کیس ہے۔ایک بیان میں، ٹورنٹو کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ نے کہا کہ انہیں پیر کی رات اومی کرون کیس کی تحقیقات کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ “طلباء، عملہ اور کوئی بھی افراد جو کورونا مریض ہوسکتے ہیں انھیں قرنطین ہونے کو کہا گیا ہے۔ ٹی سی ڈی ایس بی کی ترجمان شازیہ ولہوس نے کہا۔ “وہ طلباء اور عملہ جنہیں ٹی پی ایچ سے خود کو الگ تھلگ کرنے کی ہدایت نہیں ملتی ہے وہ روزانہ کی اسکریننگ کے نتائج کی بنیاد پر اسکول جانا جاری رکھ سکتے ہیں۔ ہم ان جاری تحقیقات کے دوران ٹی پی ایچ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ یہ خبر صحت عامہ کے عہدے داروں کے اس بیان کے چند گھنٹوں کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے چھ مزید اسکولوں میں وباء پھیلنے کا اعلان کیا ہے جب دو یا دو سے زیادہ کووڈ-19 کیسوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ان چھ اسکولوں میں برینکسم ہال، ڈیوسن اسٹریٹ جونیئر پبلک اسکول، مائیکل پاور سینٹ جوزف ہائی، ہولی اینجلس کیتھولک اسکول، موریس کوڈی جونیئر پبلک اسکول اور پرنس آف پیس کیتھولک اسکول شامل ہیں۔ حکام نے سوشل میڈیا پر کہا، “ہم قریبی رابطوں کو بھی ٹیسٹ کرنے اور انھیں گھر رہنے، علامات کی نگرانی کرنے اور اپنا بھی ٹیسٹ کروانے کے لیے اسکول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کرنے کو کہہ رہے ہیں۔” پیر تک، اونٹاریو کے حکام نے صوبے میں اومی کرون ویریٸنٹ کے کم از کم 13 کیسز کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے ایک کیس ٹورنٹو میں رپورٹ ہوا ہے جبکہ تین مزید کیس ڈرہم میں، دو پیل میں اور ایک یارک میں ہے۔

ٹورنٹو: اسکول میں اومی کرون ویرینٹ کے پہلے کیس کی تحقیقات۔
