اسکاربورو ریستوران کا مالک ایک ایسے گاہک کو تلاش کر رہا ہے جو پیر کو برفانی طوفان کے دوران ریستوران آیا لیکن اس کا دروازہ بند تھا سو وہ واپس چلا گیا۔ ناٸسیز ایٹری نے اس ہفتے کے شروع میں انسٹاگرام پر ایک سیکیورٹی ویڈیو پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص کمر تک برف میں راستہ بناتا ہوا اس برف کے سمندر سے جو برفانی طوفان کی وجہ سے ہر طرف تھا، گزر کر ریستوران کی طرف چلا آرہا ہے۔ جب وہ دروازے کے قریب پہنچا تو دیکھتا ہے کہ ریستوران اس دن بند تھا۔ آدمی برف میں گھٹنوں کے بل گر جاتا ہے، چند سیکنڈ تک اسی حالت میں رہتا ہے۔ اس کے بعد وہ اٹھتا ہے اور سر جھکا کے چلا جاتا ہے۔ “وہ شاید سوچ رہا ہو ‘اوہ میرے خدا، میں یقین نہیں کر سکتا۔ ریستوران بند ہے۔ میں اب کیا کروں؟ میرے لیۓ کھانا کیا ہے؟ مجھے گھر جا کر ابھی خود کھانا پکانا ہوگا؟ یہ بہت مشکل ہے۔”، ریستوران کے مالک ویلری لائی نے جمعہ کی شام ایک نیوز چینل کو بتایا۔ لائی نے کہا کہ جب اس نے پہلی بار ویڈیو دیکھی تو اسے یقین نہیں آیا۔ “اس کے دماغ میں کیا تھا؟ کوٸی اس قسم کے موسم میں ہمارے اسٹور پر کیوں آئے گا اور وہ کس قسم کا کھانا چاہتا تھا اور اس دن کے لیے اس کے مینو میں کیا تھا؟” لائی نے کہا، جو اب چار دنوں سے اس شخص کی تلاش میں ہے۔ ناٸسیز ایٹری فنچ ایونیو ایسٹ اور مارخم روڈ کے علاقے میں واقع ہے اور کیریبین کھانا پیش کرتا ہے۔ لائی نے کہا کہ ان کے سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے کے بعد ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے بہت سے لوگ حمایت کے لیے ریستوراں میں آئے ہیں۔ “مجھے اس کا شکریہ ادا کرنا ہے“۔ لائی نے کہا۔ “میں بہت متاثر ہو رہا ہوں کہ کوئی ایسا کچھ کرے۔” ٹورنٹو میں پیر کو تقریباً 55 سینٹی میٹر برف پڑی۔

اسکاربورو کے ریستوران کو ایک گاہک کی تلاش۔
