مسی ساگا میں ایک رہائشی عمارت میں چاقو کے وار سے ایک 41 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ یہ وقوعہ شام 6:30 بجے کے قریب ایرن ملز پارک وے اور فولر ڈرائیو کے علاقے میں روچے کورٹ پر پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کو ایک مشتبہ شخص نے چاقو مارا جو علاقہ سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو جان لیوا زخم آۓ اور اسے ٹراما سنٹر لے جایا گیا۔ جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ “اس وقت، میں بس اتنا بتاسکتا ہوں کہ چاقو کے شدید اور مہلک وار کے نتیجے میں ایک 41 سالہ شخص کی موت واقع ہوگئی ہے اور ہمارے ہومی سائیڈ اینڈ مسنگ پرسنز بیورو کے تفتیش کاروں نے تفتیش کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔” اکھل موکن نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا۔ موکن نے کہا کہ ابھی تک کوئی مشتبہ تفصیل دستیاب نہیں ہے اور ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ افسران فی الحال اس مہلک واقعہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ موکن نے کہا، “یہ معلومات ابھی بہت ابتدائی ہیں اور ہم پڑوس میں موجود اپارٹمنٹس کی کئی عمارتوں کی چھان بین کریں گے، اور ساتھ ہی کسی بھی نگرانی کی فوٹیج کے لیے علاقے کی جانچ کریں گے۔” “لہذا اگر آپ کے پاس اس جرم سے متعلق بتانے کو کچھ ہے، تو ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے تفتیش کاروں کو کال کریں یا وہ معلومات کرائم اسٹاپرز کو فراہم کریں۔” پولیس کی تحقیقات کے باعث عمارت میں ایک پارکنگ گیراج بند ہے۔

بریکنگ: مسی ساگا میں چاقو کے وار سے 41 سالہ شخص ہلاک.
